اُڈپی:13/اگست(ایس او نیوز)بزرگ وکیل ایم شانتارام شٹی نے پریس کانفرنس کا انعقاد کرتے ہوئے اس بات کا مطالبہ کیا ہے کہ بھاسکر شٹی مرڈر معاملے کی جانچ کی ذمہ داری سابق اُڈپی ایس پی اناملائی کو سونپی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ منی پال پولس تھانہ انسپکٹر گریش نے جو ایف آئی آر داخل کی ہے اس پر غورکریں تو محسوس ہوتاہے کہ انہوں نے ملزموں کو سہولت مہیا کرنے کی کوشش کی ہے، کسی معاملے کو ایک پولس آفیسر جتنا برباد کرسکتاہے اتنا انہوں نے برباد کر دیا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ اصلی ملزموں کو تلاش کرنے کی انہوں نے کوشش ہی نہیں کی ہے ۔
وکیل شانتارام نے مانگ کی کہ اگر واقعی میں متعلقہ معاملے میں اصل ملزموں کو سزا ہونی ہے تو جانچ کی ذمہ داری فوری طورپر ایماندار اور تجربہ کار آفیسر کو سونپیں۔ اُڈپی ضلع کے سابق ایس پی کے، اناملئی کو جانچ آفیسر کے طورپر نامزد کریں ،اب کافی تاخیر ہوچکی ہے مگرسرکار فوری طورپر اقدام کرے۔ آئی پی ایس آفیسر سومنا کوجانچ آفیسرمتعین کرنے کے تعلق سے اُنہوں نے بتایا کہ ان کے تعلق سے سنا ہے کہ وہ ایماندار آفیسر ہیں لیکن چونکہ وہ نئی ہیں اس مناسبت سے جانچ معاملات میں انہیں اتنا تجربہ نہیں ہے۔ ایف آئی آر میں ملزموں کا نام لکھ کر آخرمیں دیگر کا لفظ تحریر کیا جاتا ہے۔ لیکن موجودہ ایف آئی آر میں ایسا نہیں کیا گیا ہے،اس میں لکھا گیا ہے کہ ’’ملزموں نے کارستانی انجام دینے کے بعد شواہد کو مکمل طورپر برباد کر دیا ہے‘‘یعنی شواہد نہ ہونے کا انہوں نے فیصلہ سنا دیا ہے۔ جس سے معاملہ کمزور ہوگیا ہے، عام طورپر شکایت کردہ آفیسر ہی جانچ کرنے کی روایت نہیں رہی ہے۔ اس معاملہ میں گریش ہی جانچ کو آگے بڑھا رہے ہیں، اس تعلق سے بھی جانچ ہو۔
بزرگ وکیل نے بتایا کہ اس معاملے میں بھاسکرشٹی کی ماں گلابی شٹی کی طرف سے میں پراسیکویشن کو تعاون فراہم کروں گا۔ بزرگ وکیل شانتارام نے بتایا کہ ایک قتل معاملے میں بیوی کا قتل کرکے ، بیوی کو مرغی جلانے والی بھٹی میں جلانے کے بعد بھی نعش کا پتہ نہیں ملا تھا، البتہ وہاں جو ہڈیا ں ملی تھیں انہی کا ڈی این اے ٹسٹ کرکے مہلوک کے ہلاک ہونے کو ثابت کیا گیا تھا، اُس معاملے کے ملزم کانگریس لیڈر کو سزا بھی ہوئی تھی۔
پریس کانفرنس میں بنٹھ سنگھا کے صدر جئیکر شٹی اندرالی، بھاسکر شٹی کی ماں گلابی شٹی ، بھائی سریندر شٹی ، وکیل ششی کانت شٹی ، صنعت کار پرشوتم شٹی ، دیوی پرساد شٹی ، سنتوش شٹی ، شیو پرساد شٹی موجود تھے۔
ملزموں کو دیکھنے عوام کا ہجوم : صنعت کار بھاسکر شٹی قتل معاملے کے ملزمان ان کی بیوی راجیشوری شٹی اور بیٹا نونیت شٹی کو جمعہ کے دن جب عدالت میں پیش کیا گیا تو انہیں دیکھنے کے لئے عدالت کے سامنے لوگوں کا ہجوم امڈ آیا تھا۔ پوری عدالت کا صحن صبح 11بجے مکمل بھر گیا تھا، لیکن شام میں پیش کئے جانے کی اطلاع ملی تو 12بجے تمام لوگ نکل گئے۔ دوپہر 30-3بجے کے قریب پھر ہجوم امڈآیا۔ عدالت کے سامنے والے اپارٹمنٹ اور کثیر منزلہ تجارتی کامپلکس کے سامنے اور منزلوں کے اوپر بھی لوگ جمع دیکھے گئے ۔ عوام کو کنڑول کرنے کے لئے اُڈپی شہری پولس تھانہ انسپکٹر جئے شنکر اور ایس آئی اننت پدمنابھ کو کافی کسرت کرنی پڑی۔
ملزموں کی خصوصی خاطرتواضع والے ویڈیو پر تنازعہ : بھاسکرشٹی قتل معاملے کے ملزموں کو پولس نے نٹے کے ایک مشہورہوٹل میں کھانا کھلا کر باہر آنےو الاویڈیوسوشیل نیٹ ورک پر وائرل ہونے کی وجہ سے پھر ایک تنازعہ پید ا ہوگیا ہے۔ اس سے قبل جانچ آفیسر گریش اپنی جیپ کی سامنے والی سیٹ پر ملزم نونیت کو بٹھا کر لے جانے پر سخت عوامی برہمی کا تنازعہ پیدا ہوا تھا۔ اب اس کے بعد مزیدایک تنازعہ کا پتہ چلا ہے۔ عوام کا الزام ہے کہ اس طرح کی باتوں سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ پولس ملزموں کے ساتھ شامل ہیں۔ ہوٹل کے سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوئے اس ویڈیومیں دیکھا گیا ہے کہ نئی جانچ آفیسر سومنا کی قیادت میں پولس ملزموں کو خصوصی خاطر تواضع کے بعد باہر آرہے ہیں۔ یہ ویڈیو 10اگست کی شام 4 بجے کی ہونے کامعلوم ہوتاہے، اس کے ساتھ شواہد برباد کئے جانے کے ملزم نرنجن بھٹ کا باپ شری نواس بھٹ اور کار ڈرائیور راگھویندر بھی دیکھے گئے ہیں۔